پاکستان دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار

پاکستان دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار

سنگاپور کا پاسپورٹ طاقتور ترین قرار ،192 ممالک میں بغیرویزا سفر کی سہولت جاپان، جنوبی کوریا کا دوسرا نمبر،ڈنمارک سمیت5ممالک تیسرے نمبر پر موجود

جنیوا(دنیامانیٹرنگ)2026کی پہلی ششماہی کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر سب سے نیچے موجود ممالک میں شامل  ہے ۔پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے ۔مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں 98 واں نمبر آیا اور اس پر 31 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے ۔یمن کا پاسپورٹ پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر 98 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ان سے نیچے عراق 99، شام 100 اور افغانستان 101 نمبر پر ہے ۔پاکستان سے اوپر صومالیہ کا پاسپورٹ 97 ویں نمبر پر رہا جبکہ نیپال 96 ویں، بنگلہ دیش 84 ویں، فلسطین، شمالی کوریا اور اریٹیریا کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 94 ویں نمبر پر رہے ۔بھارت 80 ویں، چین 59 ویں، ایران 92 ویں جبکہ سعودی عرب کا پاسپورٹ 54 ویں نمبر پر رہا۔ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جنوری سے جون 2026 کے لیے جاری کی گئی فہرست کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ ہے ۔سنگاپور کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد 192 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔

دنیا کے دوسرے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز جاپان اور جنوبی کوریا کو حاصل ہے ،188 ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔ڈنمارک، لکسمبرگ، سویڈن، سپین اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 186 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے ۔آسٹریا، بیلجیئم، آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، جرمنی، ناروے ، فن لینڈ، یونان اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس 185 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے ۔ہنگری، پرتگال، سلواکیہ، سلوانیا اور متحدہ عرب امارات کے حصے میں 5 واں نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 184 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے ۔183 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ کروشیا، ایسٹونیا، مالٹا، نیوزی لینڈ اور پولینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر رہے ۔آسٹریلیا، لٹویا، لخٹنشٹائن اور برطانیہ کے پاسپورٹس 7 ویں نمبر پر رہے اور ان کے حامل افراد 182 ممالک میں ویزا فری سفر سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں