خاکروب جانوروں کوزہر دیتا پکڑا گیا،گوشت بیچنے کا اعتراف
چند ماہ میں 30سے 40پالتو جانور ہلاک ہوئے ، سی سی ٹی وی سے نشاندہی ملزم اور ساتھی کیخلاف 8مقدمے ،متعلقہ ہوٹلوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں کئی ماہ سے پالتو جانوروں کے راتوں رات ہلاک یا غائب ہونے کے واقعات کی حقیقت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سامنے آ گئی۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک خاکروب جانوروں کے چارے میں زہریلا مواد ڈال رہا تھا، جس سے وہ ہلاک ہو جاتے تھے ۔مقامی افراد نے ملزم شاہد کو واردات کے دوران پکڑا، جس نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھی راشد کے ساتھ مل کر یہ کارروائیاں کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم مردہ جانوروں کا گوشت ہوٹلوں کو فروخت کرتے تھے ۔ دونوں ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف 8 مقدمات درج کر دئیے گئے ، جبکہ فوڈ اتھارٹی کو متعلقہ ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیدی گئی ہے ۔اہلِ علاقہ کے مطابق گزشتہ چند ماہ میں 30 سے 40 پالتو جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔