ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شرکت پر ڈیڈ لاک بر قرار

ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شرکت پر ڈیڈ لاک بر قرار

آئی سی سی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ویڈیو کانفرنس بھی بے نتیجہ رہی،کونسل دو ہفتے میں بھی کوئی حتمی فیصلہ نہ کر سکی ٹیم کسی صورت بھارت نہیں بھیجیں گے ،آئی سی سی کے خط میں تین شرائط کا ذکر کیا گیا ہے جو ہمیں منظور نہیں،بنگالی مشیر کھیل

ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)بنگلادیش کے اپنی کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار پر آئی سی سی دو ہفتے میں بھی کوئی حتمی فیصلہ نہ کرسکا۔دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بنگلادیش کے مشیر کھیل آصف نذرل کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی سکیورٹی جائزہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ ورلڈ کپ کا انعقاد شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔بنگلادیش کے مشیر کھیل آصف نذرل نے بھارت مخالف مؤقف درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی صورت اپنی ٹیم کو بھارت نہیں بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے خط میں تین شرائط کا ذکر کیا گیا ہے جو ہمیں منظور نہیں ہیں۔آصف نذرل کے مطابق آئی سی سی نے مستفیض الرحمان کو ٹیم میں شامل نہ کرنے ، تماشائیوں کے بنگلادیش کی جرسی نہ پہننے اور بنگلادیش میں ورلڈ کپ کے دوران عام انتخابات نہ کروانے کی شرائط رکھی ہیں۔بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت پر ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے ۔آئی سی سی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ویڈیو کانفرنس بھی بے نتیجہ رہی۔

بی سی بی کا کہنا ہے کہ ویڈیو کانفرنس میں بنگلادیش نے ایک بار پھر اپنے میچز بھارت سے منتقل کرنے کا مؤقف دہرایا۔ تاہم آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی طے ہوچکا ہے ۔ بی سی بی کے مطابق آئی سی سی نے بی سی بی سے اپنے مؤقف پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی لیکن بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف اور فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔بی سی بی کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین نے ممکنہ حل کی تلاش کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں