بورڈ آف پیس :مقصد عالمی تنازعات کے حل میں مدد

بورڈ آف پیس :مقصد عالمی تنازعات کے حل میں مدد

اقوام متحدہ کو نقصان پہنچ سکتا :سفارتکار ،امریکی اتحادی محتاط ،کچھ نے مسترد کیا رکن ممالک کی مدت 3 سال ، مستقل رکنیت کیلئے1 ارب ڈالر ادا کرنا ہونگے اسرائیل سمیت 25ممالک حصہ بنے ،روس ، چین نے فیصلہ نہیں کیا ، پوپ غور کررہے ٹرمپ کو کچھ شرائط کیساتھ فیصلوں پر ویٹو اور ارکان فارغ کرنیکا بھی اختیار ہو گا

ڈیووس(رائٹرز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درجنوں عالمی رہنماؤں کو اپنے ’بورڈ آف پیس ‘ منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ، جس کا مقصد عالمی تنازعات  کے حل میں مدد فراہم کرنا ہے ۔ تاہم سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کے کام کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔کچھ روایتی امریکی اتحادیوں نے محتاط ردعمل ظاہر کیا، اور بعض نے ٹرمپ کی پیشکش کو مسترد بھی کیا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے پہلے ستمبر 2025 میں ‘بورڈ آف پیس’ کا اعلان کیا تھا، جب انہوں نے غزہ کی جنگ ختم کرنے کے اپنے منصوبے کا خاکہ پیش کیا۔ بعد میں انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ کا دائرہ کار صرف غزہ تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اسے دنیا بھر کے دیگر تنازعات کو حل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔رائٹرز کو دستیاب مسودہ منشور کے مطابق، امریکی صدر خود اس بورڈ کے پہلے چیئرمین ہوں گے ۔منشور کے مطابق، رکن ممالک کی مدت تین سال تک محدود ہوگی، تاوقتیکہ 1 ارب ڈالر ادا کر کے بورڈ کی سرگرمیوں کو مالی امداد فراہم نہ کریں اور مستقل رکنیت حاصل نہ کریں۔

ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف نے بدھ کو کہا کہ اب تک تقریباً 25 ممالک نے ‘بورڈ آف پیس’ میں شامل ہونے کی دعوت قبول کر لی ہے ۔ان میں اسرائیل،سعودی عرب،متحدہ عرب امارات،بحرین،اردن،قطر،مصر،ترکی،ہنگری ،مراکش،پاکستان،انڈونیشیا،کوسوو،ازبکستان،قزاقستان،پیراگوئے ،ویتنام،آرمینیا ،آذربائیجان بیلاروس شامل ہیں ۔اب تک روس اور چین نے کوئی واضح موقف نہیں اپنایا ۔ دونوں روایتی طور پر اقوام متحدہ کو مضبوط بنانے کے حامی ہیں اور سکیورٹی کونسل میں ویٹو کاحق رکھتے ہیں ۔ ناروے ، سویڈن ، فرانس اور اٹلی نے بورڈ آف پیس کا حصہ بننے سے انکار کیا ہے ۔پوپ لیو بورڈ میں شامل ہونے کی دعوت پر غور کر رہے ہیں۔بورڈ کے چیئرمین، صدر ٹرمپ کو وسیع ایگزیکٹو اختیارات حاصل ہوں گے ، جن میں کچھ شرائط کے ساتھ فیصلوں پر ویٹو لگانے اور اراکین کو ہٹانے کا اختیار شامل ہے ۔بورڈ آف پیس عالمی قوانین کے مطابق "امن قائم کرنے کے اقدامات" انجام دینے کا کام کرے گا۔

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں