پاکستان کرپٹو، اے آئی اور آئی ٹی کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے: وزیراعظم

ڈیووس:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرپٹو، اے آئی اور آئی ٹی کے شعبے میں بھی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

عالمی اقتصادی فورم میں پاکستان پویلین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان الحمدللہ مشکل حالات سےباہرآچکا ہے،پاکستان کو اب برآمدات کے میدان میں بھی کامیابی سمیٹنی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک اقتصادی استحکام کی راہ پرگامزن ہے، ریونیو اکٹھا کرنے کیلئے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، کان کنی اور معدنیات کے میدان میں کامیابی سے داخل ہوچکے ہیں، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ22.5فیصد سےکم ہو کر10.5فیصد ہوگیا ہے، سماجی اشاریےبہتر بنانے کے لیے مشترکہ اور مسلسل کوششیں جاری ہیں، کرپٹو، اے آئی اور آئی ٹی کے شعبے میں بھی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں کو ترقی کے وسیع مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ جدید علم کو حاصل کرنا نوجوانوں کیلئے بڑا چیلنج ہونے کے ساتھ بڑا موقع بھی ہے، پاکستان کو برآمدات پرمبنی ترقی کی راہ اپنانا ہوگی، ملکی نظام میں بنیادی ڈھانچہ میں اصلاحات کی گئی ہیں، ریونیو کلیکشن سسٹم مکمل ڈیجیٹل کر دیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہا ہے، حکومت پاکستان مکمل شفافیت کیساتھ آگے بڑھ رہی ہے، پی آئی اے کی کامیابی سے نجکاری کی گئی، پوری قوم نے دیکھا کہ نجکاری عمل میں لین دین کیسا شفاف تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اب معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں قدرتی وسائل کی بدولت ترقی کے نئے مواقع کھلے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی اور دیگربرآمدات میں حوصلہ افزا ترقی دیکھی گئی، آئی ٹی کے شعبے کی برآمدات بڑھانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، نوجوانوں کو ہنرمند اور تربیت کی فراہمی کے لیے متعدد پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں