توانائی تنصیبات پر حملے برداشت نہیں، قطر و ترکیہ کا مشترکہ بیان

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر اور ترکیے نے مشترکہ بیان میں ایران کی جانب سے توانائی تنصیبات پر حملوں کو ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔

قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان اور ترک وزیر خارجہ حقان فیدان نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، جس میں قطری وزیراعظم نے کہا کہ تیل، گیس تنصیبات پر جارحیت کے دنیا پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ راس لفان میں حملے سے ایران نے کشیدگی میں اضافہ کر دیا ہے، خطے میں ایرانی حملوں کو فوری طور پر رُکنا چاہئے۔

محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ سفارتکاری کی گنجائش ہمیشہ ہوتی ہے، قطر تنازع کو سفارت کاری سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، سفارت کاری جارحیت کے بجائے باہمی احترام پر مبنی ہونی چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر اعتماد ختم، فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں: سعودی عرب

قطری وزیر اعظم نے کہا کہ جب قطر کو نشانہ بنایا گیا تو یہ ہمارے لئے بہت بڑا دھچکا تھا، اس جارحیت سے ایرانیوں پر اعتماد تباہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جنگ اسرائیل کی طرف سے شروع کی گئی، ایران نے جوابی کارروائی میں اپنے پڑوسیوں پر حملہ کرنے کا انتخاب کیا۔

ترک وزیرخارجہ حقان فیدان نے کہا کہ توانائی تنصیبات پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں، ڈپلومیسی ہی تنازعات کا پہلا اورآخری حل ہے۔

حقان فیدان نے کہا کہ ترکیہ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں جنگ پھیلانے سے گریز کرے۔

ترک وزیر خارجہ حقان فیدان نے کہا کہ ایران جنگ کی وجہ سے ہماری توجہ فلسطین اور غزہ سے نہیں ہٹنی چاہئے، قطر کا دورہ اظہار یکجہتی کے لئے ہے، شہریوں کو نظرانداز کرکے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں