ماسکو میں عیدالفطر کے بڑے اجتماعات کیلئے تیاریاں مکمل

ماسکو: (شاہد گھمن سے) روس کے دارالحکومت ماسکو میں عیدالفطر (اُرازا بایرام) کل 20 مارچ 2026 کو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی، جس کے لیے شہر بھر کی مساجد اور مخصوص مقامات پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مرکزی عید اجتماع ماسکو کی جامع مسجد میں منعقد ہوگا، جہاں روس کے مسلمانوں کے روحانی پیشوا شیخ راویل گائنت الدین خطبہ دیں گے اور نمازِ عید کی امامت کریں گے، نمازِ عید صبح 7 بجے ادا کی جائے گی۔

اس کے علاوہ تاریخی مسجد، میموریل مسجد "شہداء" اور دیگر مساجد میں بھی عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے، جبکہ حکومت کی جانب سے نمازیوں کی سہولت کے لیے اضافی مقامات بھی مختص کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق عید کے روز تمام مساجد نمازیوں کے لیے کھلی ہوں گی، جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

عیدالفطر کی مرکزی تقریب کی نشریات قومی ٹی وی چینل "روسیا 1" پر بھی نشر کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس بابرکت موقع سے مستفید ہو سکیں۔

ماسکو کے نواحی علاقوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے، جہاں نمازیوں کی آمد صبح 6 بجے سے شروع ہوگی جبکہ نماز 7 بجے ادا کی جائے گی۔

دریں اثنا مذہبی حکام نے مسلمانوں کو فطرانہ اور دیگر صدقات کی ادائیگی کی بھی ہدایت کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق رواں سال فطرانہ کی کم از کم مقدار 250 روبل مقرر کی گئی ہے، جبکہ متوسط اور صاحب حیثیت افراد کے لیے بالترتیب 800 اور 1300 روبل مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح فدیہ کی رقم 400 روبل فی روز رکھی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق روس میں عیدالفطر نہ صرف ایک اہم مذہبی تہوار ہے بلکہ مختلف قومیتوں اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد کی علامت بھی ہے، جسے ہر سال بڑے اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں