شہباز شریف اور ترک صدر اردوان کے درمیان عید کی مبارکباد کا تبادلہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج جمہوریہ ترکیہ کے صدر عزت مآب رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
انتہائی گرمجوش گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان، ان کے اہلِ خانہ اور برادر ترک عوام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی، جس کا صدر اردوان نے بھی پرتپاک جواب دیا۔
عید کی مبارکباد کے تبادلے کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے امتِ مسلمہ کے لئے امن، اتحاد اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی، باالخصوص ترکیہ پر میزائل حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم ان مشکل حالات میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی صورتحال کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کے فروغ کے لئے اور خصوصاً عید کے ایام کے دوران حال ہی میں اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کے حوالے سے ترکیہ کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا۔
وزیراعظم نے فروری 2025 میں صدر اردوان کے تاریخی دورہ پاکستان اور اس کے بعد اپریل اور مئی 2025 میں اپنے دورہ ترکیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد اور علاقائی تعاون کے لئے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔