غزہ :آخری یرغمالی کی باقیات اسرائیل منتقل،9 فلسطینی رہا
باقیات واپسی جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کا ثبوت :ترجمان حماس اسرائیل کا رفح کراسنگ کو صرف پیدل مسافروں کیلئے کھولنے کا اعلان
یروشلم (اے ایف پی)اسرائیل کی فوج نے پیر کو کہا ہے کہ غزہ سے آخری یرغمالی رین گویلی کی باقیات شناخت کر کے ملک واپس بھیج دی گئی ہیں۔ گویلی پولیس اہلکار تھے جو اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے میں ہلاک ہوئے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ تمام یرغمالیوں کی واپسی مکمل ہو گئی ہے ،انہوں نے تمام یرغمالیوں کی واپسی کو اہم سنگ میل قرار دیا۔اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ رفح کراسنگ جو غزہ اور مصر کے درمیان انسانی امداد کا اہم راستہ ہے ، صرف پیدل مسافروں کے لیے کھولی جائے گی،یہ اقدام امریکی ثالثی کے تحت طے شدہ معاہدے کا حصہ ہے ، اسرائیل نے کہا کراسنگ کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ آخری اسرائیلی یرغمالی کی باقیات کی واپسی سے امریکی ثالثی میں طے شدہ جنگ بندی کے معاہدے کی پابندی ظاہر ہوتی ہے ۔ قاسم نے بیان میں کہا یہ اقدام جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کا ثبوت ہے ۔ غزہ کے مرکزی العقصہ شہیدہسپتال نے پیر کو بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے رہا کیے گئے نو فلسطینی ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔ ریڈ کراس کی ٹیموں کے ذریعے پہنچائے گئے قیدیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ قیدیوں کی رہائی غزہ میں آخری ہلاک یرغمالی کی لاش اسرائیل منتقل کرنے کے بعد عمل میں آئی۔