امریکا کے جنسی مجرم جیفری ایپسٹین فائلز میں مودی کا نام
لکھا ہے مودی نے مشورہ کیا اوراسرائیل جاکرامریکی صدر کیلئے ناچ گانا کیا کانگریس کی مودی پر کڑی تنقید،دستاویز میں مزید عالمی نام بھی شامل
واشنگٹن (دنیا مانیٹرنگ) امریکا میں جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹین فائلز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا نام بھی سامنے آگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ مودی کا تعلق بھارت کیلئے انتہائی شرمناک ہے ۔کانگریس کے مطابق ایپسٹین نے ای میل میں واضح لکھا مودی نے اس سے مشورہ لیا، اسرائیل گئے اور اسرائیل میں امریکی صدر کے فائدے کے لیے ناچ گانا کیا۔ کانگریس کا کہنا تھا مودی نے 4 سے 6 جولائی 2017 تک اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ ایسپٹین کی ای میل مودی کے دورہ اسرائیل کے 3 روز بعد لکھی گئی۔ اسرائیل کے دورے سے پہلے جون 2017 میں مودی نے امریکا میں ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ واضح ہو گیا مودی کا جیفری ایپسٹین کے ساتھ گہرا اور پرانا تعلق ہے۔
کانگریس کا کہنا تھا یہ قومی وقار، بین الاقوامی ساکھ کا معاملہ ہے جس پر مودی کو جوابدہ ہونا چاہیے ،مودی بتائیں وہ جیفری ایپسٹین سے کس قسم کا مشورہ لے رہے تھے ؟ مودی اسرائیل میں کیوں ناچے گائے ؟ اس سے ٹرمپ کو کیا فائدہ ہوا؟ایپسٹین نے مودی کے دورے کو کامیاب لکھا، اس کا کیا مطلب ہے ؟ قوم جاننا چاہتی ہے جیفری ایپسٹین کے ساتھ آپ کا کیا رشتہ ہے ؟ دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے ایپسٹین فائلز میں نریندر مودی اور ان کے اسرائیل کے دورے کا ذکر کرنے والے ای میل پیغام کو مسترد کر دیا۔
وزارت کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان میں کہا وزیر اعظم مودی کا جولائی 2017 میں اسرائیل کا سرکاری دورہ حقیقت ہے ، لیکن ای میل میں باقی تمام مبہم حوالے ایک سزا یافتہ مجرم کے فضول خیالات ہیں۔ سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں جاری کی گئی نئی دستاویزات میں کئی معروف عالمی شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ان فائلز میں سابق و موجودہ بااثر افراد کے حوالہ جات شامل ہیں۔ دستاویزات میں امریکی صدر ٹرمپ، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، وزیر تجارت ہاورڈ لٹ نک اور برطانوی ارب پتی رچرڈ برانسن کے نام بھی درج ہیں۔