مودی نے ایران جیسے اتحادی کو تنہا چھوڑ دیا:سونیا گاندھی
بھارتی حکومت نے اسرائیل کی حمایت کر کے سفارتی خودمختاری کو قربان کیا دہائیوں پر محیط متوازن خارجہ پالیسی سیاسی مفاد کی نذر ہو گئی :رہنما کانگریس
نئی دہلی(دنیا نیوز)بھارتی کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ بھارت نے اسرائیل کی حمایت میں ایران جیسے اتحادی کو تنہا چھوڑ دیا۔بھارتی جریدے میں شائع مضمون میں سونیا گاندھی نے لکھا کہ بھارتی حکومت نے ایران جیسے دیرینہ اتحادی کو نظر انداز کرکے اور اسرائیل کی حمایت کر کے بھارت کی سفارتی خودمختاری کو قربان کردیا ہے ۔اُنہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ بھارت تاریخی طور پر اسرائیل اور ایران کے درمیان نہایت محتاط توازن قائم رکھتا آیا ہے لیکن اب مودی نے اسے سیاسی مفاد اور نمائش کی نذر کردیا ہے ۔
سونیا گاندھی کے مطابق اس طرزِ عمل نے عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ پر سنجیدہ سوالات کھڑے کردئیے ہیں اور حکومت کو اسرائیل نواز مفادات کا محض تابع دار بنا کر پیش کیا ہے اور یہ کہ مودی حکومت جسے سفارت کاری کہتی ہے ، وہ دراصل بحران کے لمحات میں ذمہ داری سے دستبرداری ہے ۔انہوں نے لکھا کہ یہ اخلاقی بزدلی ہے جس سے عالمی فورمز پر بھارت کی پوزیشن کمزور دکھائی دیتی ہے ۔ خامنہ ای کے قتل پر بھارت کا مدھم ردِعمل اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ نئی دہلی اپنی آزاد خارجہ پالیسی کے دعوے سے دستبردار ہوگئی ہے ۔