بھارت :دریائے چناب پردلہستی ہائیڈرو منصوبے کا آغاز

بھارت :دریائے چناب پردلہستی ہائیڈرو منصوبے کا آغاز

260میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی ،44 ماہ میں تکمیل کا ہدف، بھارتی حکومت کی تصدیق ڈی پی آر 26 مئی 2025 کو منظور ہوئی ، ماحولیاتی کلیئرنس 7 جنوری 2026 کو ملی

نئی دہلی (کے پی آئی)بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بعد دریائے چناب دلہستی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا منصوبہ شروع کر دیا ، ساڑھے تین سال میں یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔ بھارتی حکو مت نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں واقع 260 میگاواٹ کی صلاحیت کا حامل دلہستی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ44 ماہ کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے ۔یہ منصوبہ دریائے چناب پر تعمیر کیا جارہا ہے ، جو ان تین مغربی دریائوں میں شامل ہے جن کا پانی سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کو الاٹ کیا گیا تھا۔ تاہم، 2025 میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے اس معاہدے کی معطلی کے تناظر میں، یہ مغربی دریا ئوں پر مکمل ہونے والا پہلا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہوگا۔

راجیہ سبھا کے رکن سجاد احمد کچلو کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے بجلی شری پد نائیک نے بتایا کہ سینٹرل الیکٹرسٹی اتھارٹی نے 26 مئی 2025 کو منصوبے کی ڈی پی آر منظور کی تھی۔منصوبے کو 7جنوری 2026 کو ماحولیاتی کلیئرنس مل گئی ہے ۔20 فروری 2026 کو این ایچ پی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے ۔ حکومت کے مطابق زمین کے حصول کا عمل رائٹ ٹو فیئر کمپنسیشن ایکٹ 2013 کے تحت کیا جا رہا ہے ، واضح رہے کہ 390 میگاواٹ کا موجودہ دلہستی پاور اسٹیشن اپریل 2007 سے کام کر رہا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں