تیل و گیس بحران : بنگلہ دیش میں ڈپوؤں پر فوج تعینات ، بھارت میں ہوٹلز بند ہونے کا خطرہ

 تیل و گیس بحران : بنگلہ دیش میں ڈپوؤں پر فوج تعینات ، بھارت میں ہوٹلز بند ہونے کا خطرہ

ڈھاکہ میں پٹرول سٹیشن پر سٹاک ختم ہونیکا بینر دیکھ کر ہجوم کی توڑ پھوڑ ، تیل کیلئے ڈیڑھ کلو میٹر تک قطاریں ویتنام ،فلپائن میں بھی موٹر سائیکلز اور گاڑیاں سٹیشنوں پر قطار میں لگی رہیں،میانمار میں ٹریفک پر پابندیاں

 ڈھاکہ (اے ایف پی)عالمی تیل وگیس بحران کے باعث بنگلہ دیش کے بڑے تیل کے ڈپوؤں پر فوج تعینات کردی گئی اور پٹرول پمپس کے ارد گرد پولیس کا گشت جاری ہے ۔ڈھاکہ کے ایک قدیم پٹرول سٹیشن پر سٹاک ختم ہونے کا بینر دیکھ کر مشتعل ہجوم نے توڑ پھوڑ کی ۔جنوبی ضلع جھینا دیدہ میں اتوار کی شب ایندھن کے تنازع کے دوران ایک 25 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ اس کے بعد بپھرے افراد نے تین بسیں جلا دیں اور ایک پٹرول پمپ کو نقصان پہنچایا ۔منگل کو ڈھاکہ شہر کے مرکز میں ایندھن کے لیے قطاریں تقریباً 1اعشاریہ 5 کلومیٹر تک پھیل گئیں۔ ویتنام میں ہزاروں موٹرسائیکل سوار ایندھن کیلئے قطاروں میں کھڑے نظر آئے ۔فلپائن میں بھی گاڑیاں سٹیشنوں پر قطار میں لگی رہیں اور حکام نے ایندھن ذخیرہ کرنے سے خبردار کیا۔ میانمار میں ٹریفک پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ ہفتے سے نصف نجی گاڑیاں روزانہ سڑکوں پر نہیں آ سکتیں تاکہ تیل کے ذخائر محفوظ رہیں۔ بھارت نے گیس پر سخت کنٹرولز نافذ کر دئیے ہیں۔

وزارتِ تیل کے حکم کے مطابق ایل این جی سب سے پہلے گھریلو صارفین اور ٹرانسپورٹ کے لیے فراہم کی جائے گی، جبکہ دیگر شعبوں کو اپنی ضرورت کا 70سے 80 فیصد ہی ملے گا۔ پیٹرو کیمیکل اور بجلی کے پلانٹس کو جزوی یا مکمل طور پر گیس کی کمی کا سامنا ہوگا۔ریستوران اور ہوٹل بھی متاثر ہوں گے ۔ نیشنل ریستوران ایسوسی ایشن نے کہا کہ سپلائی میں رکاوٹ سے زیادہ تر ریستوران بند ہو سکتے ہیں، جبکہ بنگلورو کے ہوٹل ایسوسی ایشن سربراہ پی سی راؤ نے بتایا کہ چھوٹے ریستورانوں کے پاس صرف ایک سے دو دن کا سٹاک بچا ہے ۔تھائی لینڈ میں حکام نے کہا ہے کہ جہاں ممکن ہو، سرکاری ملازمین گھر سے کام کریں ، سرکاری دفاتر میں ایئر کنڈیشنرز 26 ڈگری سیلسیس پر رکھے جائیں تاکہ توانائی کی بچت ہو۔ویتنام میں حکومت نے نجی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی کہ جہاں ممکن ہو ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ایندھن کی طلب کم ہو۔ حکومت نے عوام سے کہا کہ وہ ذاتی گاڑیوں کے استعمال کو محدود کریں اور پبلک ٹرانزٹ، سائیکل یا کارپولنگ کو ترجیح دیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں