ثالث کے کردار میں پاکستان بہترین کام کررہا:قطر

ثالث کے کردار میں پاکستان بہترین کام کررہا:قطر

امن کیلئے ضروری ہے کہ تمام فریق بات چیت سے مسائل حل کریں آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دینا چاہئے : ترجمان وزارت خارجہ

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک)قطر نے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ثالث کے کردار میں پاکستان بہترین کام کررہا ہے ۔قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا امن کیلئے ضروری ہے کہ تمام فریق بات چیت سے مسائل حل کریں،پاکستان ثالثی کے کردار میں بہترین کام کر رہا ہے ،ہم اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور اس معاملے پر علاقائی سطح پر اور اس سے باہر اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ ہمیشہ رابطے اور ہم آہنگی میں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ثالث کے 

 طور پر پاکستان کے مقصد کے حوالے سے اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کے دائرے کو وسیع کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ پرامن اور سفارتی حل کی حمایت کی جانی چاہیے ۔انہوں نے آبنائے ہرمز کو سودے بازی کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کے خطرات سے خبردار کیا اور کہا کہ اس کا عالمی توانائی کے تحفظ سے براہِ راست تعلق ہے ، اور اس امر پر زور دیا کہ اس قسم کے اقدامات غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے کہا آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کیلئے تمام متعلقہ فریقوں سے رابطے میں ہیں، خطے میں جاری دیگر حالات سے قطع نظر ہرمز کو فوری طور پر کھول دینا چاہئے ۔لبنان کے حوالے سے ماجد الانصاری نے اپنے ملک کی جانب سے لبنان اور اس کی مسلح افواج کے لیے حمایت کا اعادہ کیا، اور پانچ رکنی کمیٹی کے فریم ورک کے تحت بین الاقوامی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ جاری ہم آہنگی کا حوالہ دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں