ٹرمپ کے بعد روسی صدر 2روزہ دورے پر چین جائینگے
اسکو(اے ایف پی)روسی صدر پیوٹن 19 مئی کو چین کا دو روزہ دورہ کریں گے ، یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکی صدر ٹرمپ حال ہی میں بیجنگ کا دورہ مکمل کر کے واپس جا چکے ہیں۔
کریملن نے کہا ہے کہ دورے کے دوران پیوٹن اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ماسکو بیجنگ تعلقات مضبوط بنانے اور عالمی و علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما دورے کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کریں گے ۔کریملن کے بیان کے مطابق پیوٹن اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ جامع شراکت داری اور سٹریٹجک تعاون پر بھی گفتگو کریں گے ، روسی صدر چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون پر بھی بات کریں گے ۔ واضح رہے چین روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار بن چکا ہے اور مغربی پابندیوں کے بعد ماسکو کا اہم اقتصادی شراکت دار بن کر سامنے آیا ہے ۔پوٹن گزشتہ برس بھی بیجنگ گئے تھے ، جہاں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ منعقد کی گئی تھی۔