یوکرین کے روس کے زیرقبضہ شہرپرڈرون حملے ،6ہلاک
رات کے وقت ڈرونز کے حملوں میں کالج کی عمارت اور ہاسٹل کو نشانہ بنایاگیا روس کے صدر پوٹن نے فوج کو جوابی کارروائی کے لئے تیاری کی ہدایت کردی
ماسکو (اے ایف پی)یوکرین نے مشرقی یوکرین میں روس کے زیرقبضہ شہر سٹاروبیلسک میں واقع ایک کالج کی عمارت پر ڈرون حملہ کردیاجس سے 6 افراد ہلاک اور 35 طلبہ زخمی ہوگئے جبکہ 15افراد لاپتہ ہیں۔روسی صدر ولادی میر پوٹن نے اس حملے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا۔روسی صدر نے ٹی وی پرایک بیان میں کہاکہ انہوں نے فوج کو ہدایت دی کہ وہ اس حملے کے جواب میں ممکنہ کارروائی کیلئے تجاویز تیار کرے ۔روسی وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندے روڈیون میروشِنک نے کہا ہے کہ حملے کے وقت کالج میں چودہ سے اٹھارہ سال عمر کے چھیاسی طلبہ موجود تھے ۔ یوکرینی افواج نے رات کے وقت ڈرونز کے ذریعے کالج کی عمارت اور ہاسٹل کو نشانہ بنایا،جس سے عمار ت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔