روس کی یوکرینی دارالحکومت کیف پر بڑے حملے کی تیاری
غیرملکی شہریوں ، سفارتی عملے کو فوری طور پر شہر چھوڑنے کی وارننگ جاری آئندہ حملوں میں فیصلہ سازی مراکز ، کمانڈ پوسٹس کو نشانہ بنایا جائیگا:روس دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر حملے جاری ،8افراد ہلاک ،درجنوں زخمی
ماسکو،کیف(اے ایف پی)روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے غیرملکی شہریوں اور سفارتی عملے کو فوری طور پر شہر چھوڑنے کی وارننگ جاری کردی۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق آئندہ حملوں میں فیصلہ سازی کے مراکز اور کمانڈ پوسٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ سفارتی مشنز، بین الاقوامی تنظیموں کے اہلکار اور دیگر غیرملکی شہری اپنی حفاظت یقینی بنانے کیلئے جلد از جلد کیف سے نکل جائیں۔دوسری جانب دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں ،روس اور مقبوضہ یوکرین کے مختلف علاقوں میں یوکرینی حملوں کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔ادھر یوکرین کے مشرقی علاقے خارکیف میں روسی افواج کے میزائل حملے کے نتیجے میں2افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے ۔