انگلینڈ میں شدید گرمی،دریا تالاب میں نہاتے مزید 2 لڑکے ڈوب گئے ، ہلاکتیں 11 ہو گئیں
لندن ،پیرس (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)انگلینڈ میں شدید گرمی کی حالیہ لہر کے دوران کھلے پانی میں نہانے کے خطرناک رجحان کے باعث مزید 2 نو عمر لڑکے جان کی بازی ہار گئے۔
جس کے بعد حالیہ دنوں میں پانی سے متعلق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 تک پہنچ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 15 سالہ لڑکے کی لاش کینٹ کے علاقے سوانسکوم میں ایک تالاب سے برآمد ہوئی، ایک اور واقعہ میں 14 سالہ لڑکا آکسفورڈ میں دریائے ٹیمز کے قریب ڈوننگٹن برج کے پاس ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔حالیہ گرم موسم کے دوران لنکن، ہیلی فیکس، روثرہم، واروکشائر، چیشائر، فارن بورو اور لنکا شائر سمیت مختلف علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے کئی حادثات پیش آئے ۔ فرانس کے جنگلات میں ایک زمانے کا تناور اور مضبوط بلوط کا درخت شدید گرمی کی لہروں اور خشک سالی کے باعث تقریباً مر چکا ہے ۔ ماہرین کے مطابق درخت نے پانی بچانے کیلئے اپنی اہم حیاتیاتی سرگرمیاں محدود کر دی ہیں اور اب آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے ۔