بھارت، 15 ہزار لوگوں کو مارنے کا منصوبہ ناکام ، محرم جلوس میں زہریلی گولیاں بانٹنے والا گرفتار
ممبئی (آئی این پی )بھارتی شہر ممبئی میں یومِ عاشور کے جلوس کے دوران مبینہ طور پر زہریلی کیپسول تقسیم کرکے ہزاروں افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کے مطابق ملزم، فیاض پریم جی کو بائیکلہ کے علاقے میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب تقریباً 11 افراد مبینہ طور پر اس کی تقسیم کردہ کیپسول کھانے کے بعد بیمار ہوگئے ۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس جینت مینا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ کیپسول میں زنک فاسفائیڈ نامی انتہائی زہریلا کیمیائی مادہ موجود تھا، جو عام طور پر چوہے مار زہر میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ملزم کے قبضے سے 14 ہزار 900 کیپسول برآمدکرلئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کا مقصد جلوس میں شریک 15 ہزار افراد کو ہلاک کرنا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم بی بی اے گریجویٹ ہے اور ماضی میں ایران اور عراق کا سفر بھی کر چکا ہے ۔