بھارتی و اماراتی کمپنی کا ایلومینیم منصوبے میں سرمایہ کاری پر اتفاق
ممبئی،نئی دہلی (اے ایف پی)بھارت کے اڈانی گروپ اور ابوظہبی کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (آئی ایچ سی)نے بھارتی ریاست اڈیشہ میں ساڑھے 11ارب ڈالر کی لاگت سے بڑے ایلومینیم منصوبے میں سرمایہ کاری پر اتفاق کر لیا۔
اڈانی گروپ کے مطابق دونوں کمپنیوں نے ریاستی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جسے بھارت کے میٹالرجی شعبے میں سب سے بڑی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری قرار دیا جا رہا ہے ۔ منصوبے کے تحت سالانہ 40 لاکھ میٹرک ٹن پیداواری صلاحیت کی حامل ریفائنری، ایلومینیم اسمیلٹر اور 4 ہزار میگاواٹ کا پاور پلانٹ قائم کیا جائے گا۔ منصوبہ مشترکہ شراکت داری کے تحت مکمل ہوگا اور اس سے تقریباً 53 ہزار 500 نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے ۔دوسری جانب بھارت اور جاپان نے اہم معدنیات، سیمی کنڈکٹرز اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔بھارتی وزیراعظم مودی نے جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائچی سے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک اہم معدنیات، کوانٹم ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹرز سمیت اسٹریٹجک شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دیں گے ۔ دونوں ممالک چین پر انحصار کم کرنے کے لیے متبادل سپلائی ذرائع تلاش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جاپانی اور بھارتی کمپنیوں کے درمیان 12.3 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے ، جبکہ دونوں رہنماؤں نے بحری نگرانی بہتر بنانے کے لیے مشترکہ دفاعی منصوبے پر بھی اتفاق کیا۔