توانائی و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں:اسحاق ڈار
تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے پرعزم استنبول میں بی ٹی بی کانفرنس سے خطاب،چیف ایگزیکٹو اویاک سے ملاقات
استنبول (نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے ، دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہمارا اثاثہ ہے ،پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے روشن مستقبل کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہے ۔ترکیہ پاکستان بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بدلتے عالمی منظرنامے میں معاشی تعاون کی جہت بھی تبدیل ہوئی ہے ، بدلتی عالمی صورتحال کے تناظر میں معاشی شراکت داری کو وسعت دینا وقت کی ضرورت ہے ، موجودہ دور کی سفارتکاری میں معیشت بھی انتہائی اہم جزو ہے ، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کی فراہمی ہماری ترجیح ہے ، آئی ٹی،کان کنی،توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ، دنیا تبدیل ہورہی ہے ،نئے اتحاد بن رہے ہیں اور تجارتی معاہدے ہورہے ہیں۔
دریں اثنا اسحاق ڈار نے پاکستان۔ترکیہ بزنس کانفرنس کے موقع پر اویاک کے جنرل منیجر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مرات یالچنتاش سے ملاقات کی۔ اس دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر مرات یالچنتاش اور ان کے وفد نے پاکستان کی معاشی ترقی اور اقتصادی استحکام کو سراہتے ہوئے ملک میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے بحری امور، وفاقی وزیر توانائی، وفاقی وزیر پٹرولیم، وفاقی وزیر نجکاری، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے ۔ دونوں فریقوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔