پریتی زنٹا کا ڈیپ فیک ویڈیوز کیخلاف عدالت سے رجوع
ممبئی (شوبزڈیسک )بالی ووڈ اداکارہ اور آئی پی ایل فرنچائز پنجاب کنگز کی شریک مالک پریتی زنٹا نے مبینہ طور پر اپنی شناخت کے غیر مجاز استعمال، اے آئی سے تیار کردہ ڈیپ فیک، تبدیل شدہ تصاویر اور دیگر ڈیجیٹل مواد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
51سالہ پریتی زنٹا نے گوگل، میٹا، ڈومین رجسٹرارز اور دیگر کے خلاف مقدمے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر ان کی شناخت، تصاویر اور مشابہت استعمال کرتے ہوئے اے آئی ڈیپ فیک اور تبدیل شدہ مواد آن لائن شیئر کیا گیا، جس سے ان کی ساکھ اور رازداری متاثر ہوئی۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران بمبئی ہائی کورٹ نے گوگل اور میٹا کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی مواد کو ہٹانے کے لیے ایک مؤثر حذف کرنے کا طریقۂ کار تیار کریں جو خلاف قانون مواد کی درست نشاندہی کر کے اسے ہٹا سکے ، جبکہ جائز اور قانونی مواد محفوظ رہے ۔اس موقع پر عدالت کے جسٹس مادھو جمادار نے ریمارکس دیے کہ عدالت کا کوئی بھی حکم اس انداز میں تیار کیا جانا چاہیے کہ صرف قابلِ اعتراض مواد ہی ہٹایا جائے اور حقیقی اور قانونی آن لائن مواد متاثر نہ ہو۔