اے آئی ایجنٹ کا انسانی مدد کے بغیر کامیاب سائبر حملہ
لاہور(نیٹ نیوز)سائبر سکیورٹی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلی مرتبہ ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) ایجنٹ نے کسی انسانی مدد کے بغیر آغاز سے اختتام تک مکمل سائبر حملہ انجام دیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق یہ خودکار حملہ رینسم ویئر کی نوعیت کا تھا جس میں متاثرہ سسٹم کا ڈیٹا انکرپٹ کر دیا جاتا ہے اور اسے دوبارہ بحال کرنے کے لیے تاوان طلب کیا جاتا ہے ۔کلاؤڈ سکیورٹی کمپنی سِس ڈِگ کے محققین نے اس اے آئی حملہ آور کو جیڈ پفر کا نام دیا ہے ۔ان کے مطابق اے آئی نے پہلے ایک کمزور سرور میں دراندازی کی پھر پاس ورڈز اور لاگ اِن معلومات حاصل کیں، اس کے بعد پروڈکشن ڈیٹا بیس کو انکرپٹ کر کے بٹ کوائن میں تاوان کا مطالبہ کیا۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی دونوں شعبوں میں ایک اہم پیش رفت ہے ۔