پاکستان، ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کیساتھ ہونگے : شہباز شریف، طیب اردوان ملاقات، پاک ترک سٹریٹجک شراکت داری، تجارت بڑھانے پر اتفاق

پاکستان، ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کیساتھ ہونگے : شہباز شریف، طیب اردوان ملاقات، پاک ترک سٹریٹجک شراکت داری، تجارت بڑھانے پر اتفاق

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اپنی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرینگے ، امریکا ایران معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے اسرائیل جارحیت کر رہا ، ترکیہ کی صورتحال پر مسلسل نظر ہے :ترک صدر امن عمل سے فائدہ اٹھائیں، آئی ٹی، اے آئی، زراعت ودیگرشعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع:وزیراعظم،مشترکہ پریس کانفرنس، بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب ، سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں

اسلام آباد،استنبول(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی جس میں پاک ترک سٹریٹجک شراکت داری،تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کیساتھ ہوں گے ۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کا سرکاری استقبالیہ دیا جس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی شاندار تاریخ ہے ، ہم نے ہمیشہ ہر مشکل میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے درمیان قلبی تعلق ہے ، ترکیہ کی جنگ آزادی میں برصغیر کے مسلمانوں نے حمایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنگ ہو یا زلزلہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ انہوں نے قبرص کے معاملے پر ترکیہ کی مکمل حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) عالمی امن کیلئے انتہائی اہم پیشرفت ہے اور ترکیہ اس پر دستخط کا خیرمقدم کرتا ہے ۔صدر اردوان نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی دونوں ممالک کی یہ یکجہتی برقرار رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔ترکیہ کے صدر نے کہاکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں اور ترکیہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ دونوں ممالک امن اور خوشحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔صدر اردوان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے ۔ صدر اردوان نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے جارحیت کر رہا ہے تاہم ترکیہ اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے بلوچستان میں پیش آنے والے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں ہم نے خلوص نیت سے کوششیں کیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کی مخلصانہ حمایت سے پاکستان کو ثالثی کے کردار کا موقع ملا لیکن یہ کٹھن سفارتی مشن ہر گز آسان نہیں تھا تاہم اب اللہ کے فضل سے جنگ بندی ہوگئی ہے ۔اب ضروری ہے کہ امن عمل سے فائدہ اٹھایا جائے ، نئے امکانات کو دوطرفہ تعاون اور علاقائی خوشحالی کے لیے استعمال کرنا ہے ۔ ترکیہ پاکستان کا مضبوط اور مخلص اتحادی ہے ، استنبول کا خوبصورت شہر ایشیا اور یورپ کو ملاتا ہے ۔ دونوں ملکوں کے لازوال رشتے کی ایک تاریخ ہے ، اس منفرد اور تاریخی تعلق کی بنیاد ترکیہ کی جنگ آزادی کے دوران رکھی گئی۔علی برادران کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جدوجہد کی حمایت کی۔

انہوں نے کہاکہ ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس پر ہم ترک قیادت کے شکر گزار ہیں۔شہباز شریف نے کہاکہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، آئی ٹی، اے آئی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ وقت کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس تعاون مزید مضبوط ہوگا، ڈسکوز کی نجکاری اور ٹرانسمیشن سسٹم کی بہتری کے لیے ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے ۔انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو شکست فاش دی، جب ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اپنی خود مختاری اور وقار کا دفاع کیا۔اس موقع پر ترک نائب صدر جودت یلمازنے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے وفد کا ترکیہ میں خیرمقدم کرتے ہیں، دونوں ملکوں کے تاریخی برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔

علاقائی اور عالمی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی گراں قدر خدمات ہیں، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان نے شاندار کردار ادا کیا، امن کیلئے بہترین کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں نے معاشی شعبے پر بھی اثرات مرتب کیے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کی قیادت کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، ہم نے برادرانہ تعلقات کو معاشی شعبے کی ترقی کیلئے بروئے کارلانا ہے ، کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری میں اضافہ بہت اہم ہے ، مشترکہ سرمایہ کاری منصوبوں کیلئے مواقع تلاش کرنا ہے ، عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں نے معاشی شعبے پربھی اثرات مرتب کیے ہیں۔ شہباز شریف نے ترک کاروباری گروپوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم کی چالک ہولڈنگ کے چیئرمین احمد چالک، البیرک گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر رفعت حصارسیکیعلو سے ملاقاتیں ہوئیں۔ان ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے غیر معمولی تعلقات کو ایک مضبوط اقتصادی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے میکرو اکنامک (مجموعی معاشی) بنیادی عوامل، سرمایہ کار دوست پالیسی فریم ورک اور شفاف، پیش گوئی کے قابل اور کاروبار دوست سرمایہ کاری کا ماحول یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو نمایاں کیا۔ وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں بشمول توانائی، کان کنی و معدنیات، انفرا سٹرکچر، میری ٹائم (بحری امور) و لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ، متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرتے ہوئے ، سٹریٹجک سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں