نئے مالی سال کے پہلے ہفتے اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہتر
مثبت معاشی اشاریے ، سرمایہ کاروں کا اعتماد، مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیزی کا سبب بنی ایک ہفتے میں5800پوائنٹس کا اضافہ، مجموعی کیپٹلائزیشن 20ہزار 762ارب ہوگئی
کراچی(کامرس رپورٹر)نئے مالی سال کے پہلے ہفتے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہتر رہی، اسٹاک ایکسچینج میں مثبت معاشی اشاریوں، سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں بہتری کے باعث گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای100 انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر5,800 پوائنٹس، یا 3.22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسکے بعد بینچ مارک کے اے ای 100انڈیکس 185,372 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ہفتے بھر سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 ارب 32 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 238 ارب روپے رہی۔ اسٹاک ایکسچینج کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 628 ارب روپے بڑھ کر 20 ہزار 762 ارب روپے تک پہنچ گئی۔مارکیٹ ماہرین کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، فارماسیوٹیکل اور ٹیکنالوجی شعبے کی کمپنیوں کے حصص میں نمایاں سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی، جس نے مجموعی مارکیٹ کو سہارا فراہم کیا انکے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری، افراطِ زر میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے ، بیرونی کھاتوں کی بہتر صورتحال اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں نے مارکیٹ کے مثبت رجحان کو تقویت دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور عالمی منڈی میں خام تیل و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آنے والی نرمی نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا، جسکے باعث حصص بازار میں خریداری کا رجحان غالب رہا۔