پاکستان بینکنگ سمِٹ کی تیاریاں، 14ممالک کے ماہرین شریک ہونگے
امریکا، بحرین، امارات، ملائیشیا، سعودیہ، بلجیم شامل، اہم اقتصادی امور پرغور ہوگا کانفرنس میں زراعت، قرضے ، ڈیجیٹل بینکاری ودیگر امور زیر بحث آئینگے ، منیر کمال
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 7 اور 8 جولائی کو پاکستان بینکنگ سمِٹ 2026ء کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، جس میں میں امریکا، بحرین، متحدہ عرب امارات (دبئی)، ملائیشیا، سعودی عرب اور بلجیم سمیت مختلف ممالک سے 14 بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے ، جہاں بینکاری کے مستقبل، ڈیجیٹل معیشت، زرعی و ہاؤسنگ فنانس، ایس ایم ایز، پیمنٹ سسٹمز اور کیش لیس اکانومی سمیت اہم اقتصادی موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، سمٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری منیر کمال نے کہا کہ کانفرنس میں زراعت سے لیکر کاروباری قرضوں، ڈیجیٹل بینکاری، جدید پیمنٹ سسٹمز اور مالیاتی شمولیت کے فروغ تک متعدد اہم امور زیر بحث آئینگے ، انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو بینکاری شعبے میں عالمی تجربات سے مزید سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ مالیاتی نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے پاکستان بینکنگ سمِٹ 2026ء کے چیئرمین عاطف باجوہ نے کہا کہ بینکاری شعبہ کئی برسوں سے حکومت کیساتھ شراکت داری کے ذریعے معیشت کو سہارا دے رہا ہے ، انکے مطابق بینک قرضوں، حکومتی سکیورٹیز اور سرمایہ مارکیٹ کے ذریعے قومی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔