یوکرین کے دار الحکومت پر روسی حملے ، 6 افراد ہلاک
روس نے کیف پر 120 سے زائد ڈرون اور 12 میزائل داغے :یوکرینی صدر یوکرینی حملوں سے آئل ریفائنریوں کو نقصان کے بعد روس میں توانائی بحران
ماسکو،کیف(اے ایف پی)روسی میزائل، ڈرونز اور گائیڈڈ بم حملوں میں یوکرین کے مختلف علاقوں میں 6 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ۔ یوکرینی حکام کے مطابق دارالحکومت کیف پر حملوں میں 12 افراد زخمی ہوئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ شمالی شہر سومی میں گائیڈڈ بم حملے سے ایک بچی سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ جنوبی شہر اوڈیسا میں میزائل حملے سے 2 افراد مارے گئے ۔ صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے 120 سے زائد ڈرونز اور 12 میزائل داغے ، جن میں نصف بیلسٹک میزائل تھے ۔ کیف میں رہائشی عمارتوں، دفاتر اور ایک مذہبی سکول کو نقصان پہنچا۔ یوکرین کے ڈرون حملوں سے آئل ریفائنریوں کو نقصان پہنچنے کے بعد روس میں توانائی کا بحران مزید سنگین ہوگیا۔ نووسیبیرسک کی علاقائی حکومت نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور نجی گاڑیوں کا استعمال محدود کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اداروں کو ملازمین سے گھر سے کام لینے کی سفارش کی ہے ۔ مقامی میڈیا کے مطابق جون سے روس کے 90 فیصد سے زائد علاقوں میں ایندھن کی قلت دیکھی جا رہی ہے اور کئی مقامات پر پٹرول کی راشن بندی بھی نافذ ہے۔