غزہ: اسرائیلی فضائی حملے،فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیلی فضائی حملے،فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 فلسطینی شہید

جبالیہ پولیس سٹیشن پر بمباری ،اسرائیلی کارروائیاں ٹرمپ کے منصوبے پر عملدرآمد میں رکاوٹ :حماس اسرائیل کا مغربی کنارے میں 34نئی بستیوں کے قیام کا فیصلہ، 1ارب 30کروڑ شیکل بجٹ منظور

غزہ سٹی،یروشلم(اے ایف پی،رائٹرز)غزہ میں اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ، شہدا میں ایک 10 سالہ لڑکا اور حماس پولیس کا اعلیٰ افسر بھی شامل ہے ۔ جبالیہ میں اسرائیلی فضائیہ نے پولیس سٹیشن کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سات افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے ۔ شہید ہونے والوں میں ایک خاتون اہلکار بھی شامل ہے ۔حماس نے ایک بیان میں کہا کہ شہدا میں جبالیہ پولیس فورس کے سربراہ کرنل محمد مروان سالم اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔منگل کی شام غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک مسجد کے قریب حملے میں ایک فلسطینی شہید جبکہ کئی زخمی ہو گئے ،جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں36 سالہ شخص شہید اور تین افراد زخمی ہو ئے ۔ حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ٹرمپ منصوبے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد میں بڑی رکاوٹ ہیں۔واضح رہے حماس کے رہنما ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کی غرض سے مزید مذاکرات چیت کے لیے قاہرہ میں موجود ہیں ۔فلسطینی انسانی حقوق تنظیموں نے اسرائیلی جیلوں میں زیر حراست افراد کے خلاف مبینہ جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی مہم شروع کر دی ہے ۔ مہم کے منتظم یوسف کے مطابق سابق قیدیوں کی جانب سے درجنوں شکایات اور بیانات جمع کیے گئے ہیں۔اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے مغربی کنارے میں 34 نئی یہودی بستیوں کے قیام کیلئے ایک ارب 30 کروڑ شیکل کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کے مطابق نئی بستیوں کے لیے سڑکوں کی تعمیر پر مزید ایک ارب 7کروڑ شیکل خرچ کیے جائیں گے ۔ادھر لبنانی حکام نے حزب اللہ کے قریب سمجھے جانے والے ایک شخص کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ملزم نے ایسی معلومات فراہم کیں جن کے نتیجے میں حزب اللہ کے چار اہم سکیورٹی رہنما مارے گئے ۔اسرائیل نے جنوبی لبنان کے دو علاقوں سے مرحلہ وار فوجی انخلا کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے آمادگی ظاہر کر دی، جبکہ اس سلسلے میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکی ثالثی میں روم میں مذاکرات کا نیا دور جاری ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...