بھارت:ہائیڈروجن سے چلنے والی ماحول دوست ٹرین کا افتتاح

بھارت:ہائیڈروجن سے چلنے والی ماحول دوست ٹرین کا افتتاح

نئی دہلی (اے ایف پی)بھارت نے اپنی پہلی ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرین کا افتتاح کر دیا، جس کے ساتھ وہ ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔۔۔

 جو ریلوے نظام کو ماحول دوست بنانے اور فوسل فیول پر انحصار کم کرنے کیلئے اس جدید ٹیکنالوجی کو آزما رہے ہیں،یہ منصوبہ دنیا کے بڑے ریلوے نیٹ ورکس میں شامل بھارتی ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے ،10 کوچز پر مشتمل یہ ٹرین ریاست ہریانہ میں جند اور سونی پت کے درمیان 89 کلومیٹر طویل روٹ پر چلائی جائے گی، ٹرین 1200 کلوواٹ صلاحیت کے ہائیڈروجن فیول سیل پروپلشن سسٹم سے چلتی ہے ، جسے حکام نے ٹرین کیلئے دنیا کا طاقتور ترین نظام قرار دیا ہے ،ہائیڈروجن ٹرینیں ہائیڈروجن اور آکسیجن کے امتزاج سے فیول سیل کے ذریعے بجلی پیدا کرتی ہیں، جبکہ ان سے صرف پانی اور بھاپ خارج ہوتی ہے ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے افتتاحی سفر کا آغاز کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ خود کفیل بھارت اور پائیدار ترقی کی سمت ایک انتہائی اہم قدم ہے ۔

وزارت ریلوے کے مطابق ٹرین مکمل طور پر بھارت میں تیار کی گئی ہے ، تاہم اعلیٰ حکام نے بتایا کہ فیول سیلز سمیت بعض اہم پرزے بیرونِ ملک سے درآمد کئے گئے ہیں، جند میں ملک کی سب سے بڑی ریلوے ہائیڈروجن ذخیرہ اور ری فیولنگ سہولت کا بھی افتتاح کیا، جس کی گنجائش تقریباً 3 ہزار کلوگرام ہائیڈروجن ہے اور یہ ہائیڈروجن ٹرینوں کی ضروریات پوری کرے گی،دوسری طرف بھارت میں جاپانی ٹیکنالوجی کی مدد سے ملک کی پہلی تیز رفتار بلٹ ٹرین لائن بھی تعمیر کی جا رہی ہے ، جس کے پہلے حصے پر 2027 میں سروس شروع ہونے کی توقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...