فرانس، سپین میں جنگلاتی آگ بے قابو، 3لاکھ افراد متاثر
کئی مکانات تباہ ،خالی گھروں میں چوریاں،1شخص گرفتار،2فائر فائٹرز ہلاک یورپی ممالک سے آگ بجھانے کیلئے طیارے ، فائر فائٹرز ، امدادی سامان روانہ
پیرس،میڈرڈ(اے ایف پی)فرانس اور سپین میں کئی روز سے بھڑکنے والی خوفناک جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ دونوں ممالک میں تین لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ فرانس کے شہر بورڈو اور اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے قریب آگ تاحال بے قابو ہے ،یورپی ممالک نے آگ بجھانے کے لیے طیارے ، فائر فائٹرز اور امدادی سامان روانہ کر دیا ہے ۔ فرانسیسی وزیر داخلہ لوراں نونیز نے کہا ہے کہ آگ انتہائی شدید اور غیر متوقع ہے ، ہوا کے باعث مختلف سمتوں میں پھیل رہی ہے ۔ متعدد مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے ڈھائی ہزار فائر فائٹرز، فوجی اہلکار اور پولیس تعینات ہیں، جبکہ خالی گھروں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا ہے ۔وزیر داخلہ کے مطابق دو فائر فائٹرز بھی ہلاک ہو چکے ہیں، سپین میں جنگلاتی آگ کے باعث 75 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، حکام کے مطابق میڈرڈ کے قریب آگ کا رخ فی الحال دارالحکومت سے ہٹ گیا ہے ، تاہم اس کے راستے میں آنے والے مزید دیہات خالی کرائے جا رہے ہیں۔ ویلینسیا کے قریب بھڑکنے والی نئی آگ بھی انتہائی شدت اختیار کر گئی ہے ۔ سپین میں آگ سے اب تک ایک شہری ہلاک ہوا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments