جاپان، کروڑوں ڈالرکے بوگس آرڈرز کرنیوالی خاتون گرفتار
مایو یوشیدا نے دوسال کے دوران آن لائن سٹور سے 2 ہزار سے زائد آرڈرز کیے
ٹوکیو (آئی این پی)جاپان میں ڈھائی کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے سامان کا آرڈر دے کر پیسے نہ دینے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔جاپانی میڈیا کے مطابق اوساکا سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ ریسٹورنٹ ملازمہ مایو یوشیدا نے 2024 اور 2025 کے دوران شوئیشا کے آن لائن سٹور سے 2 ہزار سے زائد آرڈرز کیے ۔ حیران کن طور پر ان آرڈرز کے لیے اس نے کم از کم 238 مختلف اکا ئونٹس استعمال کیے ۔تحقیقات کے مطابق یوشیدا نے جاپان کے سہولت سٹورز کے ذریعے پری پے منٹ کے نظام کا فائدہ اٹھایا۔ اس طریقے کے تحت اگر صارف کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی نہیں کرنا چاہتا تو وہ قریبی کنوینینس سٹور پر رقم ادا کرتا ہے اور ادائیگی کی تصدیق کے بعد کمپنی سامان روانہ کرتی ہے ۔ خاتون نے منگوائے گئے آرڈرز کی رقم ادا نہیں کی، جس کے باعث مقررہ مدت گزرنے پر آرڈرز خودکار طور پر منسوخ ہو گئے ۔کمپنی کو اس کے علاوہ ان اشیا کی ممکنہ فروخت کا بھی نقصان اٹھانا پڑا جو خاتون کے بڑے پیمانے پر آرڈر کرنے کے باعث عارضی طور پر آئوٹ آف سٹاک ظاہر ہوتی رہیں۔ایک سال تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد مایو یوشیدا کو منگل کے روز گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران اس نے 238 مختلف اکا ئونٹس سے 2 ہزار سے زائد آرڈرز دینے کا اعتراف کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments