غزہ : اسرائیلی حملے، 2 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
اسرائیلی عدالت سے فلسطینی نژاد امریکی صحافی نقا حامد ضمانت پر رہا اسرائیل نے نیدرلینڈز سفارتکاروں کی سفارتی حیثیت منسوخ کردی
غزہ،رملہ(اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فوج کے دو الگ الگ حملوں میں کم از کم 2 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ غزہ حکام کے مطابق اسرائیل نے پیر کو مختلف مقامات پر حملے کیے ، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسرائیلی عدالت نے ایران کیلئے کام کرنے سمیت مختلف الزامات میں تقریباً دو ہفتے سے زیرحراست فلسطینی نژاد امریکی خاتون صحافی نقا حامد کو ضمانت پر رہا کردیا۔
وکیل خالد مہاجنہ کے مطابق نقا حامد کو 15 ستمبر کو بیت اللحم کے قریب ایک چیک پوسٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کیلئے رپورٹنگ کے بعد واپس آ رہی تھیں۔ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رملہ میں تعینات ڈچ سفارتکاروں کی سفارتی حیثیت منسوخ کردی۔ یہ اقدام نیدرلینڈز کی جانب سے اسرائیلی بستیوں سے درآمد کی جانے والی اشیا پر پابندی کے فیصلے کے بعد سامنے آیا۔ نیدرلینڈز نے اسرائیلی فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقوں سے اشیا کی درآمد معطل کرنے کا اقدام اسرائیل کے خلاف نہیں تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments