غزہ:اسرائیلی بمباری،حماس کمانڈرسمیت7افرادشہید
نصیرات میں3سال قبل اسرائیلی حملوں میں شہید41 فلسطینی سپردخاک مغربی کنارے میں آبادکاروں کاحملہ،3اہلکارزخمی،2 گھر،گاڑیاں نذر آتش
یروشلم،غزہ (اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران حماس کے کمانڈر عزالدین البیک سمیت کم از کم 7 افراد شہید ہوگئے ۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ البیک غزہ سٹی میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک اور شخص کے ہمراہ مارے گئے ۔ عزالدین البیک القسام بریگیڈز کی جنرل ملٹری کونسل کے رکن اور شمالی بریگیڈ کے کمانڈر تھے ۔ وہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے کیلئے قائم آپریشن روم میں کمانڈروں میں شامل تھے ۔جبالیہ میں اسرائیلی ڈرون حملوں میں مزید 4 افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے ، دیر البلح میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا۔ نصیرات کیمپ میں تین سال قبل ایک ہی روز اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے 41 فلسطینیوں کی باقیات اجتماعی تدفین کے دوران سپرد خاک کردی گئیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے غزہ سے باہر موجود حماس کے رہنماؤں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔ مغربی کنارے کے شمالی گاؤں جالود میں 100 سے زائد اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ دو فلسطینی گھر بھی نذر آتش ہوگئے ۔ اسرائیلی فوج کے مطابق مظاہرین نے سڑکیں بند کیں، ٹائر جلائے ، سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور فلسطینی عمارتوں و گاڑیوں کو آگ لگائی۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اکتوبر کے آخر میں ہونے والے انتخابات سے قبل اسرائیل کے دشمن حملہ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔نیتن یاہو نے کہا کہ اس حوالے سے کچھ اشارے ملے ہیں، تاہم انہوں نے ممکنہ حملے یا دشمنوں سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments