ایرانی صدر نے امریکا سے مذاکرات کو بے معنی قرار دیدیا

ایرانی صدر نے امریکا سے مذاکرات کو بے معنی قرار دیدیا

واشنگٹن مذاکرات نہیں بلکہ ایران کا تختہ الٹنا چاہتا ہے :مسعود پزشکیان آبنائے ہرمز سے گزرنے والا آئل ٹینکر ایرانی دھمکی کے بعد واپس مڑ گیا

تہران،واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کو بے معنی قرار دیدیا۔ پزشکیان نے کہا کہ مذاکرات کے بعد امریکا نے تین مرتبہ ایران پر حملے کیے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن مذاکرات نہیں بلکہ ایران کا تختہ الٹنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو دشمن روزانہ قتل، پابندیوں، دباؤ اور دھمکیوں کا سہارا لے اور اپنے وعدوں سے پھر جائے، اس کے ساتھ مذاکرات بے معنی ہیں۔ ایرانی صدر نے امریکی اقدامات کو ایران کے خلاف مسلسل دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں۔

آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر کو ایرانی فورسز کی جانب سے نشانہ بنانے کی دھمکی کے بعد واپس مڑنا پڑا۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سنٹرکے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے ٹینکر کو واپس جانے کی ہدایت کی اور حکم نہ ماننے کی صورت میں کارروائی کی دھمکی دی۔ ٹینکر کے کپتان نے ہدایات پر عمل کرنے کی تصدیق کی ہے ۔ برطانوی ادارے کے مطابق جہاز عمانی ساحل کے قریب سے آبنائے میں داخل ہورہا تھا۔

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی کا کہنا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کوئی نئی جنگ شروع کی گئی تو اس کی آگ خطے میں امریکا کی میزبانی کرنے والے تمام ممالک تک پہنچے گی،کسی بھی فوجی کارروائی کا سخت جواب دے گا۔ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوری میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کی سٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے ٹرمینلز ناکارہ بنا دیے گئے تھے ۔ نیشنل سائبر سپیس سینٹر کے سربراہ محمد امین آغامی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ایران نے پہلی بار بدامنی کے دوران سٹارلنک ٹرمینلز کو غیر فعال کیا، تاہم اس کیلئے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کی تفصیل نہیں بتائی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...