اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج
تل ابیب (اے ایف پی) اسرائیل میں عام انتخابات سے تین روز قبل ہفتے کو ہزاروں افراد نے وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور 7اکتوبر 2023 کے حماس حملے میں سکیورٹی ناکامیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے کا اہتمام اکتوبر کونسل نے کیا، جو حملے میں ہلاک ہونے والوں اور یرغمال بنائے گئے افراد کے اہلخانہ پر مشتمل ہے ۔ مظاہرین نے آزاد تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے اور ذمہ داروں کا احتساب کرنے پر زور دیا۔نیتن یاہو حکومت نے آزاد کمیشن بنانے سے انکار کرتے ہوئے سیاسی نمائندوں پر مشتمل تحقیقاتی ادارہ قائم کرنے کی تجویز دی ہے ، جسے اپوزیشن نے مسترد کردیا ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نے فلسطینی اتھارٹی کو بڑے سرپرائز کی دھمکی دیتے ہوئے مغربی کنارے میں وسیع فوجی کارروائی کا اعلان کیا ہے ۔ ان کا یہ بیان الخلیل کے قریب حملے میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے ۔ نیتن یاہو نے فلسطینی اتھارٹی کو ختم کرنے سے متعلق سوال کا براہ راست جواب دینے سے گریز کیا، تاہم کہا کہ وہ حیران کن اقدامات کے حامی ہیں۔مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 250 فلسطینی خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کر دیا۔ یہ اقدام دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد کیا گیا۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق فوج نے بعض خاندانوں کو رات گئے گھروں سے نکلنے کا حکم دیا اور سامان سمیٹنے کیلئے صرف دو گھنٹے دئیے ۔ الخلیل کے گورنر خالد دودین نے کہا کہ شہر کے تقریباً ایک تہائی حصے کو کارروائی کا ہدف بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے بے دخلی کو اجتماعی سزا قرار دیا۔فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں بعض فلسطینی شہریوں کو گھروں سے بے دخل کیے جانے پر اسرائیل کے خلاف عالمی دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments