یورپی ٹی وی چینلز کو دھمکیاں عمارتیں خالی ، نشریات معطل
لندن (رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)یورپ بھر کے متعدد ٹی وی چینلز کو جمعے کے روز بم حملوں کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جن میں خبردار کیا گیا تھا کہ ‘‘وقت ختم ہونے والا ہے ’’۔
ان دھمکیوں کے بعد نشریاتی اداروں کی عمارتیں خالی کرا لی گئیں اور بعض مقامات پر نشریات عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔متعلقہ اداروں کے مطابق دھمکیاں آئرلینڈ کے نشریاتی ادارے آر ٹی ای، برطانیہ کے سکائی اور بلغاریہ کے نجی ٹی وی چینل نووا ٹی وی سمیت دیگر اداروں کو موصول ہوئیں۔ تاہم متاثرہ مقامات میں سے کسی پر بھی بم نہیں ملا۔ آر ٹی ای کی نشریات کی جگہ موسیقی اور پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام نشر کیا گیا جبکہ بعض اوقات یہ تعطل تین گھنٹے تک جاری رہا۔یہ دھمکیاں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب حالیہ دنوں میں سربیا سے فن لینڈ اور اسپین سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں مسافر طیاروں کو بم کی جھوٹی اطلاعات موصول ہونے کے باعث پروازوں کا رخ تبدیل کرنا پڑا، ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور سکیورٹی اہلکاروں نے طیاروں کی تلاشی لی۔ تاہم اب تک کسی بھی مقام سے دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔نووا ٹی وی اور آر ٹی ای کو جمعے کے روز موصول ہونے والی ایک ای میل میں کہا گیا تھا ‘‘ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا ہمارے بارے میں جانے ، اسی لیے ہمارے ایک کارکن نے آپ کی عمارت میں دھماکا خیز مواد نصب کر دیا ہے ۔ یہ 45 منٹ میں پھٹ جائے گا۔ وقت ختم ہونے والا ہے ۔’’ دھمکیوں کے پیچھے کون تھا، اس بارے میں تاحال کچھ واضح نہیں ہو سکا۔آر ٹی ای اور نووا ٹی وی کو بھیجی گئی ای میلز کے آخر میں میخائل آندروپوف کا نام درج تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ای میل بھیجنے والا اس گروہ کے رہنماؤں میں شامل ہے جو رواں ہفتے طیاروں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں دینے کا ذمہ دار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments