ایران پر حملہ رکوانے کیلئے چین اور ترکیہ متحرک
صورتحال بگڑ رہی ، حملہ روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے :ترک صدر تنازع کے حل کیلئے تیار :ایرانی صدر، عالمی منڈی میں تیل 5 فیصد سستا
تہران،انقرہ،واشنگٹن،ریاض(نیوز ایجنسیاں) ایران پر حملہ رکوانے کیلئے چین اورترکیہ متحرک ہو گئے ،مشرقِ وسطیٰ کے امور کیلئے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی ژائی جون نے تہران میں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکرٹری علی باقری کنی اور نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی سے ملاقات کی ہے ۔چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے ۔چینی خصوصی ایلچی عمان اور سعودی عرب بھی جائیں گے ۔ترکیہ کے صدر اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران پر حملوں کی نئی لہر نہیں دیکھنا چاہتا ، حالیہ ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے بھی اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
اردوان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر موقع پر اس بات پر زور دیتا ہے کہ مسائل کا حل سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے ۔انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ایک بار پھر صورتحال کو منفی سمت میں جاتے دیکھ رہے ہیں،صورتحال بگڑتی دیکھ رہے ہیں۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس صورتحال کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ایران اور امریکا کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کرنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی آنے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دینے پر زور دیا ہے ۔انھوں نے کہا ہے کہ ہم عزت اور احترام کے ساتھ تنازع کے حل کیلئے تیار ہیں ۔متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم کے سینئر مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ خطے کو ایک طویل مدت تک عدم استحکام، غیر یقینی کی صورتحال اور غیر واضح سیاسی و سکیورٹی ماحول کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
قرقاش نے پیش گوئی کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی سیاسی معاہدے تک پہنچنا مشکل دکھائی دیتا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے چین میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ایران کے معاملے پر بات چیت کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ چین میں ہونے والی ملاقاتوں میں کئی اہم امور زیرِ بحث آئیں گے ، جن میں ایران کے ساتھ جنگ کا خاتمہ اور جوہری ہتھیاروں کی تخفیف بھی شامل ہیں۔یہ ملاقاتیں اگلے ہفتے چین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی کیوں کہ ایران کے مطالبات نا قابلِ قبول اور غیر حقیقی ہیں۔ایرانی جزیرہ قشم میں اتوار کو رات گئے دھماکوں کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد ایران کے صوبہ ہرمزگان کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ امریکا نے قشم جزیرے کے حدود میں بعض مقامات کو نشانہ بنایا، تاہم ان حملوں سے رہائشی علاقوں یا انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔بندر عباس اور قشم کے بعض رہائشیوں نے بھی کم ازکم چار دھماکوں کی اطلاعات دی تھیں۔
ایرانی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز میں چار تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ادھر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی مذاکرات کی امید پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ بین الاقوامی معیار برینٹ کروڈ کی قیمت 5 فیصد سے زائد گر کر 93 ڈالر 32 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آگئی۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 4.5 فیصد کمی کے بعد 86 ڈالر 75 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔دوسری جانب سعودی عرب کی مشرقی مغربی تیل پائپ لائن کو پیر کے روز نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم تیل کی ترسیل متاثر نہیں ہوئی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملہ مغربی علاقے مدینہ میں کیا گیا، جس سے محدود پیمانے پر آگ لگی، جس پر فوری قابو پالیا گیا۔ حکام نے حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی کے دوران یہ پائپ لائن سعودی عرب کے لیے تیل کی ترسیل کا اہم متبادل راستہ ہے ۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں پیر کو فضائی حملے کے خطرے کا ہنگامی انتباہ جاری کیا گیا، تاہم چند منٹ بعد واپس لے لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments