ایران جنگ پر اہم پیش رفت: ٹرمپ ، پیوٹن ، شی جن پنگ کی ملاقات طے
ایلون مسک بھی دورہ چین میں ٹرمپ کے ہمراہ ہوں گے ،یوکرین جنگ پر گفتگو نہیں ہوگی:امریکی حکام آبنائے ہرمز میں 3جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے ،آتشزدگی ،ایران کا امریکی ڈرون تباہ کرنیکا دعویٰ
واشنگٹن،تہران،ریاض(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ، روسی صدر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ آئندہ ہفتے چین کے شہر شینزن میں ہونے والی سربراہی کانفرنس کے موقع پر پہلی سہ فریقی ملاقات کریں گے ۔ وائٹ ہاؤس نے ملاقات کی تصدیق کر دی ۔امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ جمعرات کو ہونے والی اس سہ فریقی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایران کے خلاف جاری جنگ کا معاملہ بھی اٹھائیں گے ، تاہم توقع ہے کہ یوکرین جنگ پر گفتگو نہیں ہوگی۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے صحافیوں کو بتایا کہ تینوں رہنما جنوبی چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر الگ سے ملاقات کریں گے ۔اولیویا ویلز نے کہاصدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ دیگر امور کے علاوہ وہ دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر بھی بات کریں گے ۔ صدر ٹرمپ کے خیال میں جوہری ہتھیاروں کا پھیلاؤ انتہائی خطرناک ہے ۔سینئر امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا میرا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ شی جن پنگ اور پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات میں ایران کا معاملہ ضرور اٹھائیں گے۔
یوکرین کی جنگ ختم کرانے کے لیے واشنگٹن کی جانب سے کیف اور ماسکو کے ساتھ مذاکرات کا ایک الگ سلسلہ جاری ہے ۔ چین دراصل ان مذاکرات کا حصہ نہیں ہے ، اس لیے وہاں یوکرین کے معاملے پر بات کرنا مناسب معلوم نہیں ہوتا۔امریکی حکام کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک بھی صدر ٹرمپ کے دورہ چین میں ان کے ہمراہ ہوں گے ، تاہم شی جن پنگ اور پیوٹن کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے ۔صدر ٹرمپ جمعرات کو چینی صدر کے ساتھ دوطرفہ ورکنگ لنچ اور الگ ملاقات بھی کریں گے ۔ گزشتہ سال دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ چوتھی ملاقات ہوگی۔تاہم صدر ٹرمپ کے شیڈول میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ الگ سے ون آن ون ملاقات شامل نہیں ہے ۔صدر ٹرمپ کل پیر کو واشنگٹن سے روانہ ہوں گے اور منگل کو فلپائن پہنچیں گے ، جہاں وہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ اس کے بعد وہ چین کے شہر شینزن روانہ ہوں گے ۔ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد تین تیل بردار جہازوں میں آگ لگ گئی۔ ایرانی حکام کے مطابق جہازوں نے اپنے ریڈار اور شناختی نظام بند کر رکھے تھے اور اجازت کے بغیر ممنوعہ راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ جزیرہ قشم کے جنوب میں ایک امریکی ایم کیو ون ڈرون کو مار گرایا ہے ۔تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر کے مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کا کہنا ہے کہ تہران ضبط کیے گئے امریکی ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کا جائزہ لے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں اور اسلحہ جاتی نظام کو مزید بہتر بنا رہا ہے ۔اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور قائم مقام مندوب غلام حسین درزی نے سلامتی کونسل کے مغربی رکن ممالک پر منافقت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا واقعی سفارت کاری کا خواہاں ہے تو اسے جارحیت پر مبنی جنگ فوری طور پر بند کرنا اور ایران پر عائد غیر قانونی بحری ناکہ بندی ختم کرنا ہو گی۔امریکا جنگ سے متاثرہ نہیں بلکہ جارح فریق ہے ۔آبنائے ہرمز کے اطراف پیدا ہونے والی بے یقینی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کا براہِ راست نتیجہ ہے ۔اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ کمزور معیشتوں کو بحران سے بچانے کے لیے آبنائے ہرمز سے کھاد کی ترسیل فوری بحال کی جائے ۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منصوبہ جاتی خدمات کے سربراہ جارج موریرا دا سلوا نے ترکیہ میں ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کھاد کی قلت لاکھوں افراد کو غربت میں دھکیل سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments