ممبئی: 200شوٹر متحرک ، امیتابھ بچن اور فیملی کومسلسل دھمکیاں
ساتھیوں کی گرفتاری کے باوجود منصوبہ متاثر نہیں ہوا:گینگسٹر گولڈی ڈھلوں امیتابھ بچن اور ابھیشیک کو بلٹ پروف شیشہ بھی تحفظ فراہم نہیں کر سکے گا
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کو گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جانب سے مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں ۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں گینگسٹر نے دعویٰ کیا کہ دہلی پولیس کی جانب سے اس کے دو ساتھیوں کی گرفتاری کے باوجود اداکار کو نشانہ بنانے کا منصوبہ متاثر نہیں ہوا۔پوسٹ میں کہا گیا کہ وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ممبئی میں اس کے قریباً 200 شوٹرز متحرک ہیں۔ پوسٹ میں سکھ برادری کے خلاف بولنے والوں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی اور خاص طور پر امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے نام لے کر کہا گیا کہ بلٹ پروف شیشہ بھی انہیں تحفظ فراہم نہیں کر سکے گا۔
تاہم سوشل میڈیا پوسٹ اور اس میں کیے گئے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔یہ دھمکیاں چند روز قبل دہلی پولیس سپیشل سیل کی جانب سے لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو مشتبہ شوٹروں کی گرفتاری کے بعد سامنے آئی ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق ان افراد کا تعلق امیتابھ بچن کی ممبئی رہائش گاہ جَلسا کے باہر فائرنگ کی مبینہ سازش سے ہو سکتا ہے۔گولڈی ڈھلوں کی سوشل میڈیا پوسٹ میں 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا حوالہ بھی دیا گیا اور کہا گیا کہ ان واقعات کے ذمہ داروں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دنیا میں کہیں بھی سکھ برادری کے خلاف بیانات دینے والوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments