ایران کیخلاف کارروائی ، جنوری تک فنڈنگ موجود :ٹرمپ
واشنگٹن،تہران(نیوز ایجنسیاں)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائی کے لیے جنوری کے آخر تک فنڈنگ دستیاب ہے ،
ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر ڈیموکریٹس ایران کے خلاف جاری پالیسی کا خاتمہ کرتے ہیں تو وہ ایک کامیابی کو ناکامی میں بدل دیں گے ۔ان کے بقول ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام سب ختم ہو چکے ہیں۔ اگر ڈیموکریٹس ایسا کرتے ہیں تو وہ ایک جیت کو ہار میں بدل دیں گے ۔ٹرمپ نے کہا کہ انھیں یقین نہیں کہ سیاسی طور پر ڈیموکریٹس ایسا قدم اٹھائیں گے ۔ انھوں نے مزید کہاہم جب چاہیں اس جنگ کو ختم کر سکتے ہیں۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی ہے ۔بحریہ کے شعبئہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے سیاسی مخالف اور سابق وزیر دفاع آویگدور لائبرمین نے ایران پر فوری حملے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت اسرائیلی کارروائی کا کوئی جواز نہیں۔ لائبرمین نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایران کے پاس کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق دعوے سنگین ہیں، تاہم انٹیلی جنس اور عسکری نقطہ نظر سے فوری یکطرفہ حملے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز پر اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔دوسری جانب ایران نے کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کے الزامات کو بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیا ہے ۔متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خطے میں سکیورٹی خدشات کے باعث غیر معمولی احتیاط برتیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments