کراچی میں 6 منزلہ عمارت زمین بوس، 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، 14 زخمی
کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کی بلوچ کالونی میں بلاک 4 ایڈمن سوسائٹی کے قریب موجود ایک 6 منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی، ملبے سے اب تک تین لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکال لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق عمارت کے ملبے تلے متعدد گاڑیاں بھی دبی ہوئی ہیں، مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر دبے ہوئے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ عمارت گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں عمارت کے زمین بوس ہونے کے لمحات واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب تحقیقات سے سامنے آیا ہے کہ عمارت کا اصل منظور شدہ نقشہ صرف بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور ایک منزل کا تھا، اضافی منزلیں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے عمارت کے مالکان کو اس سے قبل نوٹس بھی جاری کیے تھے تاہم بلڈر نے عدالت سے اسٹے آرڈر حاصل کر لیا، سٹے آرڈر کے باوجود عمارت کی غیر قانونی تعمیر جاری رکھی گئی،سٹے آرڈر کی فوٹو کاپی بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے۔
حادثے کے بعد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے، عمارت کے مالک کے بھائی اور کنٹریکٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
کراچی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 12 عمارتوں کو سیل کر دیا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔
علاوہ ازیں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
مزید برآں ریسکیو اور انتظامی ٹیمیں اب بھی ملبے سے متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments