پاکستان کے خلائی مشن کی خوشی میں 25 نومبر کو ہر سال منایا جائے گا: عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کی خلائی مشن میں شرکت پاک چین دوستی اور شراکت داری کا عروج ہے، اس تاریخی خلائی مشن کے حوالے سے 25 نومبر کا دن ہر سال منایا جائے گا۔ پاکستان کو مختلف شعبوں میں کامیابیاں مل رہی ہیں اور عالمی سطح پر ملک کے عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا خصوصی مرکز ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ مرکز پاکستان کے خلائی سفر اور خلائی تحقیق کے بڑھتے ہوئے عزم کا عکاس ہے، اسے مختصر وقت میں بھرپور محنت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، مشن کنٹرول سینٹر چار روز تک فعال رہے گا، جہاں خلائی سائنس سے متعلق ڈاکومنٹریز بھی دیکھی جا سکیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ آج پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک تاریخی دن ہے، پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ہمیں ان پر فخر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ اس کامیابی میں سائنسدانوں، سپارکو اور مسلح افواج کی خدمات قابل تحسین ہیں، پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مزید شہرت ملی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سپارکو خلائی تحقیق کے حوالے سے قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے، پاکستان کو مختلف شعبوں میں ملنے والی کامیابیاں عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور مختلف شعبوں کا دورہ کیا، انہیں مرکز کے مختلف شعبہ جات کے طریقہ کار اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
مرکز میں پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جبکہ سپارکو کا خصوصی اسٹال بھی قائم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنا خصوصی پیغام مرکز کے نوٹس بورڈ پر بھی چسپاں کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments