آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل مزید سستا ہوگیا
نیویارک: (دنیا نیوز) آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر روزانہ نامعلوم سمت سے پروجیکٹائل حملوں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت ایک ڈالر 47 سینٹ یعنی 1.6 فیصد کمی کے بعد 89 ڈالر 93 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت ایک ڈالر 52 سینٹ یعنی 1.9 فیصد کمی کے بعد 80 ڈالر 53 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔
رپورٹ کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی ممکنہ اضافی رسد ہے۔ ایک جانب آبنائے ہرمز اور متبادل راستوں سے تیل کی ترسیل جاری ہے، جبکہ متعدد آئل تنصیبات بھی فعال ہوچکی ہیں۔
اس کے علاوہ 2027 میں عالمی سطح پر تیل کی پیداوار بڑھنے کے امکانات اور عالمی طلب کے مقابلے میں رسد زیادہ ہونے کے خدشات بھی قیمتوں میں کمی کا سبب بن رہے ہیں۔
عالمی منڈی کی نظریں اب 29 نومبر کو ہونے والے اوپیک پلس کے اجلاس پر مرکوز ہیں، جس میں 2027 کے لیے تیل کی پیداواری پالیسی سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 20 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں ایک لاکھ 26 ہزار بیرل کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ برطانوی بحری تجارتی ادارے کے مطابق پیر کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین بحری جہاز نامعلوم سمت سے آنے والے پروجیکٹائل حملوں کا نشانہ بنے تھے، جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی ایک بحری جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments