اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

افغان عوام اور عالمی برادری

طالبان رہنمائوں نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں حکومت سازی کے لیے مشاورتی عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور تین روز میں حکومت کا اعلان کر دیا جائے گا۔ یہ اعلان خوش آئند ہے اگر اس کے نتیجے میں افغانستان خانہ جنگی سے بچ جائے اور ہمارے اس پڑوسی ملک میں امن قائم ہو جائے لیکن معاملہ وہی کہ افغانستان میں پائیدار امن اسی وقت قائم ہو گا جب یہ تمام افغان سٹیک ہولڈرز پر مبنی ہو گی۔ بہرحال عالمی برادری اس حکومت کو تسلیم کرتی ہے یا نہیں‘ یہ ایک الگ معاملہ ہے‘ لیکن فوری ضرورت اس امر کی ہے کہ خوراک اور ادویات کے حوالے سے افغان عوام کی مدد کی جائے تاکہ کوئی بڑا انسانی المیہ جنم نہ لے کیونکہ خبروں سے پتا چلا ہے کہ افغانستان میں خوراک اور ادویات کا محض چند روز کا سٹاک ہی باقی ہے۔

اگرچہ اقوام متحدہ نے خوراک کے حوالے سے پاکستان سے کہا ہے لیکن پاکستان خود خوراک کے بحران کا شکار ہے اور اسے اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے بہت سی اشیائے خورونوش درآمد کرنا پڑتی ہیں‘ اس لیے عالمی برادری کو اس نازک دور میں افغانستان کی ہر طرح سے مدد کرنی چاہیے تاکہ کوئی انسانی المیہ مزید ہلاکتوں کا باعث نہ بن جائے۔ اس کے لیے تمام ممالک‘ خصوصی طور پر یورپی ممالک کو اپنے ہاں موجود سرپلس اجناس انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کو فراہم کرنے کا بندوبست کرنا ہو گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement