اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بیلاروس کے وزیرخارجہ کا دورۂ پاکستان

بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک گزشتہ روز دو روزہ دورے پر پاکستان آئے ‘ جہاں اسلام آباد میں ان کی ملاقات وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ہوئی اور دونوں ملکوں نے سفارتی پاسپورٹس کیلئے ویزہ کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بیلا روس کے صدر سے ون آن ون ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو بڑھانے پر اتفاقِ رائے کیا گیا تھا۔پاکستان اور بیلاروس کے مابین خوشگوار تعلقات استوار ہیں مگر اس کے باوجود باہمی تجارت کا حجم محض 50 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ پاکستان بیلا روس کو پھل‘ سبزیاں اور دیگر خوردنی اشیا برآمد کرتا ہے جبکہ وہاں سے ٹریکٹر‘ ٹائر‘ کیمیکل اور مشینوں کے پرزہ جات وغیرہ درآمد کیے جاتے ہیں۔ تجارتی حجم واضح طور پر بیلاروس کے حق میں ہے جو لگ بھگ 35 ملین ڈالر کی اشیا پاکستان کو برآمد کرتا ہے جبکہ یہاں سے محض 15 ملین ڈالر مالیت کی اشیا بیلاروس جاتی ہیں۔ ضرورت ہے کہ روایتی تعلقات کے دائرے سے نکل کر دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی و دفاعی تعلقات اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں فروغ کے معاہدے کیے جائیں تاکہ اس دوستی سے باہم فائدہ اٹھایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement