اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

کچے کے علاقے میں آپریشن

ضلع رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں جاری گرینڈ آپریشن کو 50 روز سے زائد ہو چلے ہیں‘ پولیس حکام کے مطابق اب تک 80 فیصد علاقہ کلیئر کرایا جا چکا ہے جبکہ اس دوران سات ڈاکو ہلاک اور 43 گرفتار ہوئے جبکہ نو مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔ آپریشن کے بعد نہ صرف پرانی چوکیوں پر پولیس کا کنٹرول بحال ہو چکا ہے بلکہ مزید نئی چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دریائے سندھ کے اطراف‘ کچے کا علاقہ جرائم پیشہ عناصر کی دیرینہ آماجگاہ متصور ہوتا ہے۔ یہاں چھپے جرائم پیشہ افراد کی کارروائیوںسے نہ صرف علاقہ مکین خوف زدہ رہتے تھے بلکہ ان کی کارروائیوں کا سلسلہ دور دراز کے علاقوں تک پھیل چکا تھا؛ چنانچہ ان حالات میں قانون کی رِٹ بحال کرنے کیلئے ایک جامع کارروائی کی لازم ہو چکی تھی جس پر سکیورٹی اداروں نے گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا۔ دیکھا جائے تو 2006ء سے اب تک کچے کے علاقے میں چھ بڑے آپریشن ہو چکے ہیں۔ 2016ء میں بھی اس علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی تھی جس کے بعد توقع تھی کہ یہ علاقہ دوبارہ جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ نہیں بنے گا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ لازم ہے کہ اب کی بار ماضی میں ہونے والے تمام آپریشنز کے نتائج اور خامیوں کا بھی ادراک کیا جائے اورایسی حکمت عملی وضع کی جائے کہ علاقے میں امن مستقل بنیادوں پر قائم ہو سکے اور دوبارہ کبھی یہاں آپریشن کی ضرورت نہ پڑے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement