اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

اوور بلنگ کا مسئلہ

نیپرا میں پیش کردہ ایک انکوائری رپورٹ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے اوور بلنگ‘ میٹر ریڈنگ کی تصویر نہ لینے اور خراب میٹر تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے اوسط کے حساب سے بل بھیجے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق ملک میں بجلی کی دس تقسیم کار کمپنیوں میںسے ایک بھی ایسی نہیں جو 100فیصد درست بلنگ کررہی ہو۔ تقسیم کار کمپنیوں کی اوور بلنگ کی وجہ سے ایک کروڑ 37لاکھ سے زائد صارفین متاثر ہو چکے ہیں۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی اس روش کی وجہ سے لائف لائن صارفین جو ماہانہ 100یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں‘ وہ بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔یہ انکشاف ایسے وقت ہوا ہے جب بجلی کے صارفین کی جانب سے یہ شکایت عام ہو چکی ہے کہ انہیں غلط ریڈنگ ڈال کر بھاری بل بھیجے جاتے ہیں۔ قانون کے مطابق میٹر ریڈنگ لازمی طور پر 30دن سے کم یا زیادہ سے زیادہ 30دن تک کی جانی چاہیے‘ تاہم بجلی تقسیم کار کمپنیاں 30دن سے زائد مدت کی بلنگ کر رہی ہیں جس سے پروٹیکٹڈ صارفین کی سلیب تبدیل ہونے سے اُن سے زیادہ شرح سلیب کے چارجز وصول کیے جا رہے ہیں۔ گوکہ نیپرا نے ڈسکوز کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے لیکن یہ صرف بیانیے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ تقسیم کار کمپنیوں کے اس خلافِ قانون اقدام‘ جو یقینا لاعلمی میں سرزد نہیں ہوتا‘پر تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بجلی کے صارفین کے ساتھ اس دیدہ ودانستہ دھوکہ دہی سے صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں