اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بے موسمی بارشیں

روز افزوں موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں جن مسائل کے پیدا ہونے کی طویل عرصے سے پیشگوئی کی جا رہی تھی وہ اب پوری شدت کے ساتھ سر اُٹھانا شروع ہو چکے ہیں‘ اس کی مثال اپریل میں ہونے والی ریکارڈ بارشیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال اپریل میں ماضی کے مقابلے میں ملک کے مختلف علاقوں میں 99سے 300فیصد تک زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ ان بارشوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں 124 افراد جاں بحق اور 153 زخمی ہوئے جبکہ 6000 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے‘ 250کے قریب مویشی سیلابی پانی کی نذر ہو گئے اور سینکڑوں ایکڑ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ چونکہ ملکِ عزیز موسمیاتی تغیر و تبدل سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے‘اب یہاں مارچ اور اپریل میں بھی ریکارڈ بارشیں ہونے لگی ہیں‘ اس لیے روز افزوں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی اور پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اب ہر سال مون سون کا انتظار کرنے کے بجائے وقفے وقفے سے نالوں کی صفائی کا بندوبست یقینی بنایا جائے تاکہ بے موسمی بارشوں کی وجہ سے شہریوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان حالات میں نئے آبی ذخائر کی تعمیر کی ضرورت بھی بڑھ گئی ہے‘ تاکہ بارشی پانی کو ذخیرہ اور اس کی تباہ کاریوں کو کم کیا جاسکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement