اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورۂ چین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آٹھ روزہ دورۂ چین پر بیجنگ میں موجود ہیں ۔پاک چین دوستی کی تابندہ روایت اوردونوں ملکوں میں کثیر جہتی روابط اور تعلقات کی گہرائی کے پیشِ نظر دونوں ملکوں کے حکومتی عہدیداروں کے دوروں کو خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دورہ اسی تناظر میں اہم ہے۔ اس دورے کا مقصد پنجاب اور چین کے سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان کاروباری اور تجارتی روابط کو بڑھانا اور چین کے تعاون سے صوبے کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔ ان کے دورۂ چین کے پہلے روز چینی کمپنی اے آئی فورس ٹیک اور پنجاب حکومت کے مابین پنجاب میں زرعی آلات کے مینو فیکچرنگ پلانٹس لگانے کا معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کی حامل زرعی مشینری کی فراہمی سے زراعت کو فروغ دینا ہے۔ اس وقت ملک میں کسانوں کے پاس زمین کی تیاری کیلئے جدید زرعی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ایک تو فی ایکڑ لاگت کافی زیادہ ہو جاتی ہے اور دوسرا پیداوار بھی کم ہوتی ہے۔ چین کے تعاون سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کی دستیابی سے نہ صرف کاشتکاروں کو فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل ہو سکے گی بلکہ لاگت میں بھی کمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ چین میں زراعت کے علاوہ آئی ٹی‘ طب‘ صنعت‘ سموگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے امور پر باہمی اشتراکِ کار کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔امید کی جاتی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس دورۂ چین سے صوبے میں پیداواری اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں