اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مذہبی سیاحت

بھارت سے آئے ہندو یاتریوں نے گزشتہ روز چکوال میں اپنے قدیم مذہبی استھان کٹاس راج کا دورہ کیا‘ جہاں یاتریوں کیلئے ایک اعزازی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ گزشتہ ماہ سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھی تین ہزار سے زائد بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے تھے۔ پاکستان کی دھرتی دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کی امین ہے اور یہ خطہ مختلف مذاہب کا مرکز رہا ہے۔ ایک طرف کرتارپور‘ لاہور‘ حسن ابدال اور ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقامات ہیں تو دوسری طرف کٹاس میں ہندوئوں کے تاریخی مقامات اور مقدس منادر موجود ہیں جبکہ ٹیکسلا اور سوات کا علاقہ بدھ مت کے پیروکاروں کیلئے خاص کشش رکھتا ہے۔ پاکستان مذہبی رواداری کو فروغ دینے والا ملک ہے اور یہاں اقلیتوں کو اپنے مذہبی معاملات میں مکمل آزادی حاصل ہے جس کا بڑا ثبوت کرتارپور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کی تعمیر ہے۔ اگر اقلیتوں کے مذہبی استھانوں پر جدید سہولتوں کی فراہمی اور بہتر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں تو مذہبی سیاحت کو خاصا فروغ دیا جا سکتا ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا اور ریونیو بھی حاصل ہو گا۔ اس حوالے سے حکومتی سطح پر دعوے تو بہت ہوتے رہے ہیں مگر جن سنجیدہ کوششوں کی ضرورت تھی‘ وہ ابھی تک دیکھنے میں نہیں آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں